دھرم شالا: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے 27 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی۔
دھرم شالا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 389 رنز کا ہدف دیا، جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ انداز بیٹنگ اپنایا تاہم مقررہ 50 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
389 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز ہی بنا سکی، نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا 116 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 28, 2023
اوپنر بلے باز ڈیون کونوے نے 28 جبکہ ول ینگ نے 32 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیریل مچل اور جیمز نیشم نصف سنچریاں جڑنے میں کامیاب رہے، دونوں نے بالترتیب 54 اور 58 رنز کی اننگز کھیلیں۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 28, 2023
نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں ٹام لیتھم نے 21، مچل سینٹنر نے 17، گلین فلپس نے 12 اور ٹرینٹ بولٹ نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگ کا اچھا آغاز کیا اور تیز رفتاری کے ساتھ رنز بنائے، دونوں اوپنرز کے درمیان 175 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد پہلی وکٹ 19.1 اوورز میں گری جب ڈیوڈ وارنر 65 گیندوں پر 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
— ICC (@ICC) October 28, 2023
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 23.2 اوورز میں 200 رنز پر گری، ٹریوس ہیڈ 67 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے میچ میں 7 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔
دونوں اوپنرز کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کرنے اور آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹرز تسلسل قائم نہ رکھ سکے، آسٹریلیا کو تیسرا نقصان 29.4 اوورز میں 228 رنز پر اٹھانا پڑا جبکہ چوتھی وکٹ 36.3 اوورز میں 264 رنز پر گر گئی، سٹیو سمتھ 18 اور مچل مارش 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
— ICC (@ICC) October 28, 2023
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 274، چھٹی وکٹ 325 اور ساتویں وکٹ 387 رنز پر گری، آسٹریلوی ٹیم کے بعد میں آنے والے بیٹرز بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 388 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سینٹنر نے 2، میٹ ہینری اور نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے 6 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور 2 میں ناکام رہی ہے۔