بنگلور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہم دنیا میں بالکل نیچے ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ نیدرلینڈز، افغانستان اور بنگلہ دیش جیسی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ میں کچھ کر کے پہنچی ہیں، بھارت کے خلاف میچ ہارے ہیں لیکن پہلے دو میچ جیتے بھی ہوئے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم سکلز میں اچھی ہے، ہمیں اپنی فیلڈنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس دنیا کے بہترین فاسٹ بولر ہیں، پاکستان کے فینز نے ہمیشہ ہمیں محبت دی ہے اور دعا دی ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 18, 2023
انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں ہمارے سپنر آوٹ نہیں کر پا رہے، وہ بلکل صحیح کہہ رہے ہیں مگر وہ بولنگ اچھی کر رہے ہیں، شاداب اور نواز پر ہمیں یقین ہے وہ ہمیں کسی بھی وقت میچ بدل کے دے سکتے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہم جب آرمی، پولیس، ڈاکٹروں، بزنس مینوں، عام لوگوں اور دکانداروں سے ملتے ہیں، ان کا درد اور محبت ہم جانتے ہیں، مجھے اپنے فینز پر یقین ہے، وہ پیچھے جو کہیں سامنے محبت ہی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فینز سے درخواست ہے کہ ہم نے ہمت نہیں ہاری، بھارت سے ہارنے کے بعد شائقین کے میسج ملے کہ ایک میچ ہارنے سے کچھ نہیں ہوتا، جب ہم ہارتے ہیں لوگ ہمیں کہتے ہیں "تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے" ہمیں بھی اپنی عوام سے محبت ہے۔