لندن: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر سٹیورٹ براڈ نے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ کے ختم ہونے کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
37 سالہ براڈ نے لندن کے اوول گراؤنڈ میں پانچویں ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام کے بعد اپنے فیصلے کی تصدیق کی، براڈ کا کہنا تھا کہ اتوار یا پیر میرا کرکٹ کا آخری میچ ہوگا، یہ ایک شاندار سفر رہا، ناٹنگھم شائر اور انگلینڈ کا بیج پہننا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
براڈ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پانچویں سب سے زیادہ شاندار باؤلر کے طور پر اس کھیل کو چھوڑ دیں گے، جو اس سال ایشز کے دوران 600 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے سیمر بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ براڈ نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 28 اگست 2006 کو پاکستان کے خلاف ایک ٹی 20 میچ سے کیا، اس نے ایک میچ میں دو وکٹیں حاصل کیں جس میں انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی۔