راولپنڈی: (دنیا نیوز) پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ان کے ساتھ آنے والے محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 98 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان نے مجموعی طور پر 62 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران 4 چھکے اور 7 چوکے جڑے۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث اور صائم ایوب صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 36 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، عماد وسیم نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹکنر نے 3 جبکہ اش سودھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 194 رنز کا ہدف بیسویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
گرین شرٹس نے پہلے 3 میچوں میں سے 2 میں فتح سمیٹی تھی اور ایک میں شکست کا سامنا کیا جبکہ چوتھا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ کی جیت سے سیریز بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گئی ہے۔