کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 14 فروری ویلنٹائن کے روز بابر اعظم کی پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون کو شکست دینے کیلئے پرجوش ہیں۔
حال ہی میں نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران عماد وسیم نے پی ایس ایل 8 کیلئے کراچی کنگز کے پہلے میچ سے متعلق گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ہر ٹیم سے میچ ایک ہی اہمیت کا حامل ہے لیکن اس بار کراچی اور پشاور زلمی کے میچ کی سوشل میڈیا پر خاصی ڈسکشن ہورہی ہے، کراچی کنگز بھی پشاور کی طرح پرجوش ہے اور جیت کیلئے پشاور زلمی کی طرح ہی محنت کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کے سارے لڑکے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں ، لہٰذا ہمیں ویلنٹائن کے روز کراچی والوں کو جیت کر اچھا تحفہ دینا چاہیے، اگر ٹیم اچھا کھیل کر ٹورنامنٹ کے آغاز میں شروع کے میچز جیت جائے تو اچھا مومینٹم سیٹ ہوجاتا ہے، پی ایس ایل کا نیو سیزن ہے ہمیں آغاز اچھا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب کپتانی کے حوالے سے بات کرتے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے کرتا دھرتاؤں کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے ایک بار پھر مجھے کراچی کنگز کی کپتانی کیلئے منتخب کیا، کپتانی کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے ساتھ ہی ایک اعزاز بھی ہے، کپتان کا سب سے بڑا کام دوسری ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی ایماندار ی سے کرنا چاہیے جس کے لیے میں دوستی یاری پر یقین نہیں رکھتا، میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو ٹیم کیلئے بہتر ہوں اور الحمد اللہ ابھی تک لڑکوں کی پرفارمنس بھی بہت اچھی ہے۔