ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 33 رنز سے شکست دے دی

Published On 03 November,2022 05:03 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شاداب خان ، افتخار احمد اور محمد حارث کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 33 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سپر 12 کے گروپ 2 جبکہ میگا ایونٹ کا 36واں میچ کھیلا گیا، قومی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور جنوبی افریقا کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا اننگز

186 رنز کا ہدف جنوبی افریقا کو بارش سے متاثرہ ہونے کے باعث 14 اوورز میں 142 رنز دے دیا گیا جس کے تعاقب میں پروٹیز ناکام رہے اور 14 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 108 رنز ہی بناسکے۔

کپتان ٹیمبا باووما نے سب سے زیادہ 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی اور شاداب خان کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے، کوئنٹن ڈی کوک صفر، رائلی روسو 7، ایڈن مارکرم 20، ہینرچ کلاسن 15، ٹرسٹان سٹبز 18، وین پارنیل 3، کگیسو ربادا 1 اور اینرچ نورکیا 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لونگی نگیڈی 4 اور تبریز شمسی 1 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

شاہینوں کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹ حاصل کیں، شاداب خان نے 2، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

مین آف دی میچ

4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلنے اور میچ میں 2 وکٹ حاصل کرنے پر نائب کپتان شاداب خان کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اننگز

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، اننگز کے آغاز پر ہی محمد رضوان نے چوکا مارا اور 4 رنز بنا کر وین پرنیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

محمد حارث نے 11 گیندوں پر 28 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، کپتان بابر اعظم 6 ، شان مسعود 2 اور محمد نواز 28 رنز بناکر پویلین لوٹے، وسیم جونیئر بغیر کھاتے کھولے پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن کی ہچکولے کھاتی کشتی کو افتخار احمد اور شاداب خان نے سہارا دیتے ہوئے ڈوبنے سے بچایا، دونوں نے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھواں دھار اننگز کھیلی، شاداب احمد 22 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

شاداب کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد بھی کریز پر جم نہ سکے اور 35 گیندوں پر 52 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے، حارث رؤف 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ 5 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے نورکیا نے 4 ، شسمی ، رباڈا، لونگی نگیڈی اور پارنل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

جنوبی افریقا کے خلاف میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان بابر اعظم سمیت نائب کپتان شاداب خان،محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث،محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔

 جنوبی افریقا پلیئنگ الیون