لوئر آرڈر نے اپنی پرفارمنس سے مایوس کیا: بابر اعظم

Published On 28 July,2022 10:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لوئر آرڈر نے اپنی پرفارمنس سے مایوس کیا، ٹیسٹ میچ میں تحمل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے، گال ٹیسٹ میں بیٹنگ یونٹ تحمل مزاجی سے نہیں کھیلا۔

گال ٹیسٹ میں شکست کے بعد پوسٹ میچ کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آخری روز کھیل شروع ہونے پر پچ باؤلرز کے لئے سازگار نہیں تھی البتہ ہلکی بارش کے بعد وکٹ سے سپنرز کو مدد ملی لیکن پچ میں مسئلہ نہیں تھا، ہماری پارٹنر شپ اچھی نہیں رہیں، مسلسل وکٹیں گرنے سے ان پر پریشر آیا، ہم نے بہت آسانی سے اپنی وکٹیں گنوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکن سپنر جے سوریا نے تحمل کے ساتھ باؤلنگ کی، وہ تسلسل کے ساتھ ایک لائن پر باؤلنگ کرتے ہیں، یہی ان کی خاصیت ہے، سری لنکا میں کنڈیشنز آسان نہیں تھیں لیکن یہاں اچھا بھی ہوا اور برا بھی ہوا، اب فوکس نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز پر ہو گا، کوشش ہوگی کہ خود کو مختصر وقت میں ون ڈے اور ٹی 20 کے مطابق ڈھالیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ماضی میں بڑا ہدف حاصل کیا ہو تو اس سے اعتماد آتا ہے اسی اعتماد کے ساتھ اس میچ میں آئے تھے، ہمیں یقین تھا کہ ہم اس میچ میں یہ کر سکتے ہیں لیکن ہمارا بیٹنگ یونٹ تحمل کے ساتھ نہیں کھیلا، وقت کے ساتھ ساتھ ہماری ٹیم کی پرفارمنس میں بہتری آرہی ہے، ان کنڈیشنز میں پرفارم کرنا آسان نہیں تھا لیکن ہم نے اچھا پرفارم کیا، ہم نے کچھ چیزیں غلط بھی کیں جس پر ہم بات کریں گے۔