دبئی:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے اور ٹی 20 پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی بلے بازوں کی بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی نے ون ڈے کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے جس میں قومی کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے، ان فارم اوپنر امام الحق اور بھارت کے ویرات کوہلی بدستور بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں، بھارت کے روہت شرما کی چوتھی اور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کی پانچویں پوزیشن بھی برقرار ہے۔
رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ریسی وان ڈر ڈوسن ایک درجے ترقی سے چھٹی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر ساتویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
ٹی 20 پلیئرز رینکنگ
ٹی 20 رینکنگ میں کپتان بابر اعظم کی بادشاہت برقرار ہے جبکہ محمد رضوان کا دوسرا نمبر ہے، بھارت کے سوریا کمار یادیو نے بڑی چھلانگ لگائی ہے جو 44 درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
باؤلرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 12 ویں نمبر پر موجود ہیں، آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ
آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ بھی جاری کی ہے جس میں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی اپنے نمبرز پر براجمان ہیں، بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا، آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کا دوسرا اور سٹیو سمتھ کا تیسرا نمبر ہے۔
ٹیسٹ میں کپتان بابر اعظم کا چوتھا نمبر برقرار ہے جبکہ سری لنکا کے دیمتھ کرونا رتنے ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جس کے بعد آسٹریلیا کے عثمان خواجہ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹیسٹ باؤلرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا نمبر جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون کا دوسرا اور جسپریت بھمرا کا تیسرا نمبر ہے، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کا چوتھا نمبر برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے مچل سٹارک دو درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آ گئے ہیں، مچل سٹارک کا رینکنگ میں دسواں نمبر ہے۔