پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکن سکواڈ کا اعلان

Published On 14 July,2022 07:40 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کے خلاف اعلان کردہ سری لنکا سکواڈ میں آسٹریلیا کے خلاف حالیہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے جو سکواڈ منتخب کیا گیا تھا اس میں سے پراوین جے وکرما، لاستھ ایمبولڈینیا، لکشیتھا ماناسنگھے اور چمیکا کرونارتنے کو باہر کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیبیو کرنے والے پربت جے سوریا کو برقرار رکھا گیا ہے۔

آئی لینڈرز سکواڈ کی قیادت دیموتھ کرونارتنے کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پاتھم نسانکا، اوشادا فرنینڈو، اینجلو میتھیوز، کوسل مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، کامندو مینڈس، نروشن ڈکویلا (وکٹ)، دنیش چندیمل، رمیش مینڈس، مہیش تھیکشنا، کاشوا راجیتھا ،وشوا فرنینڈو،آشیتھا فرنینڈو ، دلشان مدوشنکا، پربت جے سوریا، ڈنتھ ویلالج اور جیفری وینڈرسے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم اپنے دورہ سری لنکا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا اس وقت تیسرے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 16 جولائی سے گال میں ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔