لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے نیشنل انڈر 19 کپ میں سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کو انڈر 19کھلاڑیوں کی کوچنگ کی خدمات سونپ دی ہیں جس سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عبدالرزاق سینٹرل پنجاب انڈر19بلیوز، ارشد خان بلوچستان انڈر19 بلیوز، عمران فرحت سینٹرل پنجاب انڈر19وائٹس، غلام علی سندھ انڈر 19 وائٹس، شاہد انور سدرن پنجاب انڈر 19 وائٹس اور اعجاز احمد جونیئر ناردرن انڈر 19وائٹس کے ہیڈ کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ اعزاز چیمہ، ظہور علی، سمیع اللہ نیازی، رفعت اللہ مہمند، شعیب خان اور ہمایوں فرحت بحیثیت اسسٹنٹ کوچز کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پی سی بی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز اقبال امام سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز، محمد مسرور سندھ انڈ ر 19بلیوزاور حبیب بلوچ بلوچستان انڈر 19وائٹس کی کوچنگ کریں گے، فرسٹ کلاس کرکٹ سیزن شروع ہوتے ہی سینئر کوچز دوبارہ اپنی متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو جوائن کرلیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ28 جون سے 8 جولائی تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی 12 ٹیموں کو دو مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں شامل چھ بلیوزسکواڈز کے میچز اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پول بی میں شامل وائٹ سکواڈز کے میچز لاہور، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں برس بھی نیشنل انڈر 19 کپ میں مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے، 50 اوورز پر مشتمل اس فارمیٹ میں ہر ٹیم کو گروپ مرحلے میں پانچ میچز کھیلنے ہیں جبکہ ہر سکواڈ 15 کھلاڑیوں اور 5 ریزرو پلیئرز پر مشتمل ہے، سکواڈ میں صرف ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو یکم ستمبر 2003 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے۔