شان مسعود کا کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اہم اعزاز، پہلے کھلاڑی بن گئے

Published On 27 June,2022 05:50 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایک سال میں 1 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

32 سالہ کرکٹر نے سسیکس کے خلاف اپنی ٹیم ڈربی شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 46 رنز کی اننگز کے ساتھ یہ سنگ میل عبور کیا، وہ اس سال کاؤنٹی چیمپئن شپ سیزن میں 4 فیگر رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی بائیں ہاتھ کے بلے باز کے اب کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 12 اننگز میں 3 سنچریوں اور 4 نصف سنچریوں سمیت 1037 رنز ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کیلنڈر ایئر 2022 میں تمام فارمیٹس میں 2 ہزار رنز بھی مکمل کیے، سعید انور، محمد یوسف، انضمام الحق اور بابر اعظم کے بعد ایک کیلنڈر ایئر میں 2000 رنز بنانے والے صرف 5ویں پاکستانی بن گئے۔

خیال رہے کہ سابق کپتان محمد یوسف اپنے کیریئر کے دوران 3 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

1037 فرسٹ کلاس رنز کے علاوہ شان نے اس سال ٹی 20 کرکٹ میں 994 رنز بھی بنائے ہیں، ان کے ٹی 20 میں 994، پی ایس ایل میں 478 اور ٹی 20 بلاسٹ میں 516 رنز شامل ہیں۔

شان نے 2022 میں اس سال پروفیشنل کرکٹ کی 37 اننگز میں 2031 رنز بنائے ہیں، اب تک صرف دو فارمیٹس کھیلے ہیں ٹی 20 اور فرسٹ کلاس اور ابھی تک 2022 میں کوئی لسٹ اے کرکٹ نہیں کھیلی۔

پاکستانی بلے باز کو اس سال تمام فارمیٹس میں مزید 838 رنز بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کمار سنگاکارا کا ایک کیلنڈر ایئر میں کھیل کے تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ سکیں۔

 واضح رہے کہ شان مسعود بھارت کے خلاف میچ کے لئے ڈربی شائر کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دیں گے۔