لاہور:(ویب ڈیسک) شاندار میزبانی کرنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو شکریہ کا خط لکھ دیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے رواں سال مارچ اپریل میں 24 سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا، تاہم آسٹریلوی کھلاڑیوں کا پہلا تاثر پاکستان میں خراب ہوا، کیونکہ کراچی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں آسٹریلوی کھلاڑی چوہوں سے پریشان تھے، یہ مسئلہ پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی نے جلد ہی حل کر دیا تھا، اس لیے کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پی سی بی کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ کھلاڑیوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے، شائقین کی سٹیڈیم میں بھرپور آمد نے کھیل کا مزہ دوبالا کر دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) دورہ پاکستان کے دوران ہوٹل میں چوہوں سے نجات دلانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکر گزار ہے۔ اس واقعے کا ذکر سی اے نے پی سی بی کو لکھے گئے خط میں کیا ہے، جس میں ٹیم آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے تجربے کا ذکر کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ جب ہم کراچی کے ہوٹل پہنچے تو بہت سے مسائل تھے، جیسے کمروں میں چوہے، غیر معمولی بدبو اور کئی طرح کے مسائل جو کہ غیر متوقع تھے، پی سی بی اور نے ان میں سے زیادہ تر مسائل کو حل کیا، فوری طور پر کام کیا اور 48 گھنٹوں کے اندر ہم مطمئن تھے کہ تمام تبدیلیوں نے ایک محفوظ اور آرام دہ قیام ممکن بنایا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے دوران آسٹریلوی ٹیم کا بھرپور خیال رکھنے پر پی سی بی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جب سے ہم اسلام آباد میں گراؤنڈ پہنچے، ہمارے ساتھ ناقابل یقین حد تک اچھا سلوک کیا گیا، ہر وہ چیز جس کا وعدہ کیا گیا تھا تفصیل اور مکمل ہونے کی حیرت انگیز سطح پر پہنچایا گیا، کرکٹ آسٹریلیا کو بھی امید ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے مارچ، اپریل میں پاکستان میں 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز جیتی تھی، ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی اور ٹی 20 سیریز میں کامیاب ہوئے۔