لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف جیت کر تاریخ رقم کی ہے، مجھے ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے۔
ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے پہلے میچ میں شمار کارکردگی دکھائی، ہمیں پہلی ہار کا دکھ تھا لیکن ہم نے جیت کی حکمت عملی بنائی، آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کی، آسٹریلوی کھلاڑی ایک مضبوط پلان کے ساتھ گراؤنڈ میں آتے ہیں، آخری ون ڈے میں ہم نے اپنا پلان مضبوط کیا تھا، شاہین شاہ آفریدی نے بھی شاندار باؤلنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اب آگے کی حکمت عملی کو بہتر کرنا ہے، ایک ہفتے کے بعد بیٹھیں گے اور لائحہ عمل طے کریں گے، وکٹوں پر مصنوعی گھاس کا استعمال کرکے آسٹریلیا نے چند سالوں میں سپن باؤلنگ پر قابو پایا، یہ بات نہیں کہ سپن باؤلر پرفارم نہیں کر رہے، باؤلر کوئی بھی ہو وہ پارٹ ٹائم نہیں ہوتا، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی سب کو کہا کہ سب باؤلر فل ٹائم ہیں۔