ملتان:(ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانیوالی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے میچ بدھ کو ملتان میں کھیلا جائے گا، تین میچز کی سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ویسٹ انڈین قائد نکولس پوران نے ٹرافی تھامے تصاویر بنوائیں۔
Trophy unveiled
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 7, 2022
Osaka Batteries Presents Spotify Pakistan vs West Indies ODI Series 2022 kicks off tomorrow #KhelAbhiBaqiHai | #PAKvWI pic.twitter.com/YBCTdRvJVk
پی سی بی کے مطابق ملتان سٹیڈیم میں شام 4 بجے کرکٹ ایکشن شروع ہوگا، قومی ٹیم نے مہمانوں کو شکست دینے کے لیے کمر کس لی، ملتان کی شدید گرمی میں بھرپور پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 16 سال بعد پاکستان میں ون ڈے میچ کھیلے گی، 2006 میں ہونے والی سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو تین ایک سے شکست دی تھی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف 1991 کے بعد ون ڈے سیریز جیت نہیں سکی۔
شاہینوں نے کیربیئنز کو گزشتہ 7 ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے، تاہم ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر پاکستان پر برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 134 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں 71 مرتبہ کالی آندھی جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔
میرا پہلا ہدف میچ جیتنا، ویسٹ انڈین ٹیم کو آسان حریف نہیں لیں گے: بابر اعظم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آسان حریف نہیں لیں گے، آہستہ آہستہ سب ٹیمیں یہاں آئیں گی، میرا پہلا ہدف یہی ہوتا ہے کہ میچ جیتنا ہے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سمیت دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں، کل ہم نے پریکٹس کی، ہمیں اتنی گرمی نہیں لگی، اچھی بات یہ ہے کہ ہوا بھی چل رہی ہے، وکٹ پر تھوڑا گھاس ضرور ہے، کل دوبارہ پچ کو چیک کریں گے پھر بیٹنگ یا باؤلنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم جو بھی میچ کھیلیں کوشش ہوتی ہے اپنا سو فیصد دیں، کوشش کریں گے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں، ویسٹ انڈین ٹیم اور مہمان کپتان بھی ایک خطرناک کھلاڑی ہے، ہم ایک ماہ سے تیاری کر رہے ہیں، بطور ٹیم اگر اچھا پرفارم کریں تو نتائج اچھے ملتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا پہلا ہدف یہی ہوتا ہے کہ میچ جیتنا ہے، ملتان میں لوگوں نے بہت سپورٹ کیا تھا، لوگوں کو کہوں گا میچ دیکھنے آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔
پاکستان میں سکیورٹی کا معیار بہت اچھا، محفوظ محسوس کررہے ہیں: نکولس پوران
پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان نکولس پوران نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان میں کھیلنا اچھا لگتا ہے، سکیورٹی کا معیار بہت اچھا ہے، ہم یہاں پر خود کو بالکل محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
ملتان میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نکولس پوران کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسم گرم ضرور ہے لیکن ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے، گرم موسم ہمارے لئے چیلنج ہے لیکن ہم ان کنڈیشنز سے بہتر انداز میں نمٹ لیں گے، ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہترین ہے، کوشش ہے اچھی کرکٹ کھیلیں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستانی لائن اپ بہترین باؤلنگ اور بیٹنگ کے کمبینیشن پر مشتمل ہے۔