لاہور : (ویب ڈیسک) موجودہ سیاسی گرما گرمی میں روالپنڈی سے ملتان منتقل ہونے والی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز کاحتمی شیڈول جاری کر دیا گیا، میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی تحریری اجازت کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا حتمی شیڈول جاری کر دیا گیا، تینوں میچز اب راولپنڈی کے بجائے ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کے باعث مقابلوں کا وقت بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جانے والے ڈے نائٹ میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے، سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، ہوم سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے 4 جون تک نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جاری رہے گا۔
5 جون کو قومی کھلاڑی ون سیریز کے لیے میزبان شہر ملتان روانہ ہوں گے، جبکہ مہمان وِنڈیز 6 جون کواسلام آباد پہنچ کر بذریعہ چارٹرڈ طیارہ ملتان روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے ثقلین مشتاق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ ، شان ٹیٹ باؤلنگ کوچ اور منصور رانا کو ٹیم منیجر برقرار رکھا ہے۔