کولمبو: (روزنامہ دنیا) سری لنکا کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی منتقلی کیلئے درخواست کرنے کیلئے تیار ہو گیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں شدید معاشی بحران کے باعث ایشیا کپ کی میزبانی ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل سے ایشیا کپ کی منتقلی کی درخواست کرے گا۔ایشا کپ سری لنکا سے منتقل ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات اور بنگلا دیش ممکنہ طور پر میزبانی کیلئے دو مضبوط امیدوار ہیں۔
اس حوالے سے چند روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر سری لنکا سے ایشیا کپ منتقل ہوتا ہے تو بنگلا دیش ہی میزبانی کیلئے مضبوط امیدوار ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا آسٹریلیا اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ بھارت کا سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ سے قبل 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا ارادہ ہے، انڈین بورڈ ٹی ٹونٹی میچز کے ذریعے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔