تمام کھلاڑی پاکستان میں بہت زیادہ محفوظ ہیں: سٹیو سمتھ

Published On 01 March,2022 05:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے بلے باز سٹیو سمتھ کا کہنا ہے کہ میرے ساتھی کھلاڑی 25 سال کے بعد اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران خود کو بہت زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ بیان اس خبر کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں اسپنر ایشٹن ایگر کو دورے کے آغاز سے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایشٹن ایگر کو پاکستان کا سفر کرنے سے روکنے کے لیے دھمکی دی گئی تھی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے بورڈز اور سرکاری سیکیورٹی ایجنسیوں کی تحقیقات کے بعد اس دھمکی کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا دھمکی سے متعلق کہنا تھا کہ اس طرح کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے وسیع حفاظتی منصوبے موجود ہیں اور اس دھمکی کو سنجیدہ خطرہ نہیں سمجھا گیا تھا۔

انہوں نے راولپنڈی میں 4 مارچ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز پر پیش آنے والے افسوسناک واقعات سے آگاہ ہیں۔

آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ نے کہا کہ ہمارے ساتھ یہاں بہت سے لوگ کام کر رہے ہیں، ہمیں اپنی سیکیورٹی پر بھروسہ ہے اور ہم پاکستان میں بہت زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر حملے کے بعد سے اعلیٰ ٹیموں نے بڑے پیمانے پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، لاہور میں ہونے والے حملے میں چھ پولیس اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوئے تھے۔ عالمی ٹیموں نے حال ہی میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنا شروع کیا ہے لیکن ستمبر میں نیوزی لینڈ حکومتی سیکیورٹی الرٹ کے بعد راولپنڈی میں افتتاحی میچ سے چند منٹ قبل اچانک دورہ منسوخ کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی سازش بے نقاب، آسٹریلوی ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات کے ثبوت سامنے آگئے

نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے تین روز بعد انگلینڈ نے بھی اس کی پیروی کی تھی اور کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اکتوبر میں اپنی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو پاکستان کے دورے سے روک دیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق آسٹریلوی سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے چیلنج کا مزہ لے رہے ہیں، یہاں واپس آکر کرکٹ کھیلنا بہت زبردست تجربہ ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ پہلی بار پاکستان آئے ہیں اور ہم بہت پرجوش ہیں، ہم جانتے ہیں کہ پاکستانی لوگ کرکٹ کے بارے میں کتنے پرجوش ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سڈنی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اسٹیو اسمتھ کو باؤنڈری کی رسی کے اوپر گرنے کے بعد ان کا سر زمین پر لگا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے لیکن 32 سالہ بلے باز کا کہنا تھا کہ ان کی چوٹ تیزی سے ٹھیک ہو رہی ہے۔

سٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ میں نے تیز گیند بازی کے پہلے سیشن کا سامنا کیا ہے اور ٹریننگ کے دوران نے اسپن بالنگ کا بھی سامنا کیا، میں انجری سے صحت یاب ہو رہا ہوں۔ گذشتہ چند دنوں کے دوران سر کی چوٹ میں کافی بہتری آئی ہے، میں بہتر محسوس کر رہا ہوں، میں نے کھیل میں واپس آنے کے پروٹوکول کے تمام حصوں کی پیروی کرتے ہوئے خود کو میچ کے لیے تیار کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔