لاہور: (روزنامہ دنیا) انضمام الحق نے ملتان سلطان کی بہترین کارکردگی کا سہرا کپتان محمد رضوان کے سر سجادیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ رضوان پچھلے 2 سالوں سے اتنا اچھا کھیل رہا ہے کہ ہم اس کی تعریفیں کر کر کے تھک گئے ہیں، اللہ اسے نظر نہ لگائے۔
انضمام الحق نے کہا کہ دعا ہے رضوان ایسے ہی کھیلتا رہے، یہ تمام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال ہے کہ اس نے کیسے اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے اسے اپنی ٹیم میں نہیں رکھا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری، سارا پاکستان کہہ رہا تھا کہ یہ ٹی ٹونٹی کا کھلاڑی نہیں ہے اور ان دو سالوں کے بعد یہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی کا بہترین پلیئر بن گیا۔