پی ایس ایل: فرنچائز اور پی سی بی دو اضافی پلیئرز پر متفق

Published On 18 December,2021 09:15 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اور پی سی بی کے درمیان دو اضافی پلیئرز پر اتفاق ہو گیا جس کے تحت انہیں سات جنوری کو متبادل کھلاڑیوں کیلئے ورچوئل ڈرافٹنگ کے موقع پر منتخب کیا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی چھ فرنچائز اور پی سی بی نے باہمی رضا مندی سے سپلیمنٹری کیٹیگری میں دو اضافی کھلاڑیوں کے چناؤ پر اتفاق کرلیا جس کے بعد ہر سکواڈ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ درحقیقت اس کیٹیگری کا مقصد مقامی ایمرجنگ کھلاڑیوں کو اہمیت دینا ہے جو فرنچائز کرکٹ میں شرکت کے بعد تعمیر و ترقی کے مراحل طے کر سکیں لیکن سات جنوری کو ہونے والی ورچوئل ڈرافٹنگ کے دوران ایک غیر ملکی کرکٹر کا انتخاب بھی کیا جا سکے گا۔

کراچی کنگز کو پہلا اضافی کھلاڑی چننے کا آپشن حاصل ہوگا جبکہ رینڈم ڈرا کے تحت اس کے بعد لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی باری آئے گی۔

واضح رہے کہ فرنچائز مالکان نے اس بات پر بھی گلہ کیا تھا کہ نئے پی ایس ایل ڈرافٹ پر دیئے جانے والے پروپوزل کا کریڈٹ بھی پی سی بی حکام خود لینے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ 12 دسمبر کو ہونے والی ڈرافٹنگ سے قبل ہی فرنچائز نے دو اضافی کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں شمولیت کا مطالبہ کر دیا تھا۔