لاہور:(دنیا نیوز)ساتویں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ٹیم پاکستان کو حریف آسٹریلیا پر نفسیاتی برتری حاصل ہے جبکہ ناقابل شکست شاہینوں کا دبئی کی ہوم کنڈیشنز میں ریکارڈ ہولڈر پلیئرز کے ساتھ میدان میں اترنا ہی جیت کا نشان ہو گا۔
میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ انگلینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دیکر فیصلہ کن معرکے میں پہنچ چکا ہے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آسٹریلیا اور پاکستان کے میچ کے بعد ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے پانچوں میچز میں ناقابل شکست اورشاہین آفریدی، حارث رؤف، آصف علی، محمد رضوان اور شعیب ملک کا الگ الگ مین آف دی میچ ہونا مثالی ہے۔
فتوحات کے چیمپئن اور انفرادی کارکردگی کے ماہر بابر اعظم اور متحدہ عرب امارات کی ہوم کنڈیشنز کا ایڈوانٹیج اضافی ہو گا۔
اعدادو شمار کے اعتبار سے 2007سے 16تک کے ٹی 20 ورلڈکپ ایونٹس میں دونوں ٹیمیں چھ بار آمنے سامنے آئیں اور تین تین میچ جیت کر ہم پلہ ہیں۔
اس فارمیٹ کے تمام انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے جبکہ ٹیم پاکستان نے 23 میں 12 میچ جیتےاور اسے 9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔