بابر اعظم نے قوم کو ٹی ٹونٹی فائنل جیتنے کی امید دلا دی

Published On 09 November,2021 01:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم نے قوم کو ٹی ٹونٹی فائنل جیتنے کی امید دلا دی، کہتے ہیں کہ سیمی فائنل کے ساتھ ساتھ انشااللہ فائنل بھی جیتیں گے، ہر کھلاڑی عالمی ٹورنامنٹ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 ورلڈ کپ کے ہنگامہ خیز مقابلے جاری، پاکستان 11 نومبر کو سیمی فائنل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ اس حوالے سے گرین کیپس کپتان بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم کو سپورٹ کرنے پر شائقین کے شکرگزار ہیں، ہر حالت میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داریاں معلوم ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ حسن علی کو ڈراپ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، وہ مین بولر اور میچ ونر ہے، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، پوری ٹیم اسے سپورٹ کر رہی ہے، فخر زمان کا جب اچھا دن ہوتا ہے تو میچ کا پانسہ پلٹ دیتا ہے، میں نے کپتانی میں کھل کر فیصلے کیے ہیں۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، پہلا سیمی فائنل کل 10 نومبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا، فاتح ٹیم 11  نومبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم سے 14 نومبر کو فائنل کھیلے گی۔ شائقین کرکٹ آسٹریلیا کو مشکل حریف تو قرار دیتے ہیں تاہم بابر اعظم اور ٹیم کا ہائی مورال دیکھتے ہوئے ٹی ٹونٹی ٹرافی جیتنے کیلئے پوری طرح پرامید ہیں۔