ٹی 20ورلڈ کپ:بابر اعظم نے کوہلی کا ایک اور ریکارڈ پاش پاش کردیا

Published On 02 November,2021 09:09 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف نصف سنچری سکور کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی قائد ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ پاش پاش کردیا ہے۔

میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نمیبیا کے خلاف اپنا چوتھا میچ کھیل رہی ہے جس میں ایک مرتبہ پھر کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70رنز کی اننگز کھیلی اور ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے۔

گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ ففٹی پلس سکور کرنے والے پلیئر بن گئے ہیں،انہوں نے مجموعی طور پر 14 ففٹی پلس سکور بطور کپتان بنائے۔

قبل ازیں ٹی 20ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے تیز ترین ہزار رنز بنانے والے کپتان کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

بابراعظم نے 26 میچوں میں ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے جبکہ اس سے قبل ویرات کوہلی 30 میچوں میں تیز ترین ہزار رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستانی کپتان ٹی 20 انٹرنیشنل میں بطور کپتان ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 7000 رنز بنانے والے کرکٹر ہیں، انہوں نے یہ سنگ میل 187 اننگز میں عبور کرکے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل کا ریکارڈ توڑا تھا۔