نئی دہلی:(دنیا نیوز)بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا مقبوضہ کشمیر میں جشن منایا جارہا ہے جو کہ بھارتیوں کو ہضم نہیں ہورہا ۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز وریندر سہواگ کو بھی پاکستان کی فتح ایک آنکھ نہ بھائی اور اپنی انتہا پسند سوچ کا ایک مرتبہ پھر کھلا اظہا رکرتے ہوئے پاکستان کی فتح پر جشن منانے والوں کے خلاف خوب زہر اگلا۔
دیوالی پر پٹاخے چلانے کی اجازت نہیں لیکن پاکستان کی جیت پر بھارت کے مختلف حصوں میں پٹاخے چلا کر جشن منایا گیا۔
پاکستان کی جیت پر جشن منانا وریندر سہواگ کے سینے میں جیسے آگ کے گولے کی طرح لگا اور اپنے انتہا پسند خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جشن منانے والے بھارتی نہیں ہوسکتے ۔
دوسری جانب بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے پاکستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا ذمہ دار محمد شامی کو قرار دیدیا ہے۔
ہندو توا کے پیروکاروں نے نے محمد شامی کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں جبکہ شامی کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم جاری ہے۔
سابق بھارتی کھلاڑیوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محمد شامی کو صرف مسلمان ہونے کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنانا افسوس ناک ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دیتے ہوئے 29سال بعد ورلڈ کپ میں روایتی حریف کے خلاف پہلی فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔