لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ کی زندگی بہت مشکل ہے۔ میری اہلیہ نے مجھے بہت حوصلہ دیا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے انسٹا گرام پر نئی ویڈیو اپ لوڈ کی ہے، جس میں نئے لک میں نظر آ رہےہیں، سابق کپتان ایک سال کے وقفے کے بعد اپنی اہلیہ اور بیٹی کو ملنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہیں۔ اسی لیے وہ کووڈ پروٹوکول کے باعث 14 دن قرنطینہ میں گزار رہے ہیں۔
قرنطینہ کی زندگی کے حوالے سے وسیم اکرم نے مونچھوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرنطینہ سٹائل ہے، آٹھ دن کمرے میں بند رہتے ہوئے ہو گئے ہیں، ایکسرسائز کے لیے خود کو متحرک کرنا بڑا مشکل ہوتا ہے، آپ بھی مجھے موٹیویٹ کریں، اب بائیسکل بھی لے لی ہے، 45 منٹ بائیسکل چلانے سمیت مختلف جسمانی مشقیں کرتا ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طبی عملہ بھی خیال رکھ رہا ہے۔ ذہنی صحت کے بارے میں بھی پوچھتے ہیں، شروع کے دو دن بہت ڈاؤن تھا لیکن اب یہ سب کچھ معمول بن چکا، شنیرا نے مجھے بہت متحرک اور سپورٹ کیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ قرنطینہ پریڈ بہت مشکل ہے لیکن میرے نزدیک اس کے لیے کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے۔
اس ویڈیو کے جواب میں وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کمنٹ میں لکھا کہ اس مونچھ کے ساتھ آپ گھر نہیں آ سکتے۔