وزیراعظم نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحالی پر احسان مانی کی خدمات کو سراہا

Published On 28 August,2021 02:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحالی اور پہلے ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کی تیاری کیلئے احسان مانی کی خدمات کو سراہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خدمات کو سراہا اور کہا کہ احسان مانی نے بطور چیئرمین پی سی بی تین برسوں کے دوران ملک کے اندر پہلی مرتبہ ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر متعارف کرایا، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے بھی احسان مانی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سکول کرکٹ کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات دیکھ کر خوشی ہوئی، خاص طور پر سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پنجاب میں 870 سکولز اور 231 کالجز کے گراؤنڈز کے ساتھ ساتھ 355 کھیلوں کی سہولیات تیار کی گئی۔

عمران خان نے تمام صوبوں پر زور دیا ہے کہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔