پاکستانی شائقین کا پی سی بی انتظامیہ کیخلاف احتجاج ، 'گو مصباح گو' کے نعرے

Published On 14 July,2021 12:44 pm

برمنگھم: (دنیا نیوز) ٹیم پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش شکست پاکستانی شائقین برداشت نہ کر پائے، پی سی بی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کے دوران 'گو مصباح گو' کے نعرے لگاتے رہے۔

وہی ہوا جس کا ڈر تھا،آخری ون ڈے میں بولرز اور فیلڈرز نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی محنت پر پانی پھیر دیا، اس پر کپتان بھی مایوس نظر آئے۔  ون ڈے سیریز میں شکست پر شکستہ دل شائقین نے میچ کے اختتام پر پی سی بی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ پاکستانی تماشائیوں نے مصباح الحق اور وقاریونس کے خلاف نعرے لگائے اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کی ساکھ بچانے کیلئے پی سی بی کی پوری انتظامیہ کو فارغ کریں، احتجاج کے دوران  گو مصباح الحق  گو  اور   گو وقار یونس گو  کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

ون ڈے سیریز میں بدترین شکست کے بعد کرکٹ شائقین نے اب شاہینوں سے ٹی ٹونٹی سیریز میں بہتر کارکردگی کی امید لگا لی ہے، پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ آج نوٹنگھم روانہ ہو گا جہاں ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاری کے لیے کل (جمعرات) سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی سیریز جمعہ 16 جولائی سے شروع ہو گی۔