پی ایس ایل 6، پاکستانیوں کا ’جانِ من‘ بننے کا منتظر ہوں: جانِ من مالان

Published On 28 April,2021 06:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے بقیہ میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کیلئے تیار جنوبی افریقی کرکٹر جانِ من مالان کا کہنا ہے کہ وہ اردو میں جانِ من کا مطلب جانتے ہیں اور پاکستانیوں کا ’جانِ من‘ بننے کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد پی سی بی نے ایونٹ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا تھا۔

پی ایس ایل کے باقی میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں کھیلے جائیں گے، ایک ہفتے کا قرنطینہ 22 مئی سے شروع ہو گا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں جانِ من مالان نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل ہونے کیلئے پرجوش ہوں، اس فرنچائز کے بارے میں بہت سی زبردست باتیں سن رکھی ہیں۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ مجھے ابھی ہی معلوم ہوا کہ جانِ من مالان کے اردو میں کیا معنی ہیں، لہذا میں کوشش کروں گا کہ اپنی پرفارمنس سے پاکستانیون کا ’جانِ من‘ بن سکوں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’یونائیٹڈ وی وِن‘ کا بھی استعمال کیا۔