لاہور: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ پہلے سیمی فائنل میں کل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرے مقابلے میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز مدمقابل ہونگے۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل کل (بروز منگل) دوپہر 2 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم سابقہ چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایونٹ کا دوسراسیمی فائنل اسی روز شام 7 بجے کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اس سے قبل گروپ مرحلے میں 2 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، دونوں مرتبہ کامیابی ملتان سلطانز کے نام رہی۔ ملتان سلطانز نے پہلے گروپ میچ میں 6 وکٹوں اور دوسرے میں 3 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری طرف روایتی حریفوں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا گروپ مرحلے میں بھی پلڑا برابر رہا۔ پہلے گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے (8 وکٹوں) جبکہ دوسرے میں کراچی کنگز نے )10 وکٹوں( کامیابی حاصل کی۔
ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروز بدھ کو شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔