لاہور: (ویب ڈیسک) پشاور زلمی کے مینٹور اور سابق جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے دوران ایک ویڈیو نے سب کے دل جیت لیے ہیں، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باریش بیٹسمین نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نماز پڑھ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہاشم آملہ کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں سابق کپتان کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے تقریبا متعدد غیر ملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)5 کو الوداع کہہ کر اپنے اپنے ملک روانہ ہوگئے ہیں تاہم جو غیر ملکی کھلاڑی اب بھی پی ایس ایل کا حصہ ہیں ان میں ایک بڑا نام ہاشم آملا کا ہے جو سابق چیمپئن پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پی ایس ایل کے باقی تمام میچز خالی میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کی تکنیکی کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے پی ایس ایل کو خیر آباد کہنے کی وجہ سے بیٹنگ کوچ ہاشم آملہ اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کی اجازت دیں ۔
پشاور زلمی کو لیگ میں پہلے نمبر پرموجود ملتان سلطانز کے ہاتھوں 3 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم کل پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز سے بدلہ لینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔