پاکستان انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

Last Updated On 22 August,2019 01:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، قومی ٹیم کا 5 ہفتوں پر مشتمل دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

دنیا نیوز کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020ء تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہو گا۔ تیسرا ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست 2020ء تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔

پہلا ٹی ٹونٹی مقابلہ 29 اگست 2020ء کو لیڈز میں ہو گا، دوسرا ٹی ٹونٹی مقابلہ 31 اگست 2020ء کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہو گا۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سیریز سے آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 سالوں میں تیسری دو طرفہ سیریز کا انعقاد پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022ء میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے، جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔