ورلڈکپ میں منتخب نہ ہونے پر دلبرداشتہ امباتی رائیڈو عالمی کرکٹ سے ریٹائر

Last Updated On 04 July,2019 08:08 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی بلے باز امباتی رائیڈو نے ورلڈکپ میں شمولیت نہ کیے جانے پر دلبرداشتہ ہو کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بیٹسمین نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم بیٹسمین آئی پی ایل کھیلتے رہیں گے جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی وہ پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ امباتی رائیڈو کو بھارت کے 15 رکنی ورلڈکپ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا بلکہ آل راﺅنڈر وجے شنکر کو ترجیح دی گئی تھی۔

امباتی رائیڈو نے بھارتی کرکٹ حکام کو بتایا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں، قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے مجھے موقع دینے پر بورڈ کا شکر گزار ہوں، اپنی فیملی، بورڈ سمیت ریاستی ایسوسی ایشن کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہاں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا، حیدر آباد، بروڈا، آندھرا پردیش، ویدھاربھا ایسوسی ایشن کے عہدیداران ہمیشہ میرے دل کے قریب رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ممبئی انڈین اور چنائی سپر کنگز کی ٹیموں اور مالکان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے کرکٹ کے اس بڑے برینڈ میں چنا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم میں روہت شرما، ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی کے ماتحت کھیلنا میرے لیے باعث فخر ہے،

چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کا کہنا تھا کہ شنکر نے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کے باعث اپنی سلیکشن یقینی بنائی ہے اور ہم نے انہیں امباتی رائیڈو پر ترجیح دی ہے۔ ورلڈکپ کے دوران شیکھر دھون انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے اور پھر وجے شنکر بھی انجری کے باعث ہی سکواڈ کا حصہ نہیں رہے جس کے باعث سلیکٹرز کو ایک مرتبہ پھر موقع مل گیا کہ وہ امباتی رائیڈو کو ورلڈکپ کھیلنے کیلئے انگلینڈ بھیجیں لیکن بی سی سی سلیکٹرز نے شیکھر دھون کی جگہ رشبھ پنت اور وجے شنکر کی جگہ مایانک اگروال کو سکواڈ میں شامل کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیا جانا ہی امباتی رائیڈو کی ریٹائرمنٹ کی وجہ بنی، رائیڈو نے بھارت کی جانب سے 55 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے 47.05 کی اوسط سے 1694 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 3 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے 6 ٹی 20 میچوں میں 42 رنز بنائے۔