ورلڈکپ: بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں محمد حفیظ کی شرکت مشکوک

Last Updated On 02 July,2019 09:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کیخلاف ڈو اور ڈائی میچ کے لیے پروفیسر کے نام سے مشہور کھلاڑی محمد حفیظ کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آل راؤنڈر کی کارکردگی میں تسلسل نہیں جو ٹیم مینیجمنٹ کیلئے درد سر کا باعث بنی ہوئی ہے۔ محمد حفیظ نے 4 میچز کے دوران مایوس کن کارکردگی دکھائی۔ تین میچز میں پارٹ ٹائم باولرز کے ہاتھوں آوٹ ہوئے اور ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا جبکہ افغانستان کیخلاف میچ میں بھی غیر ذمے دارانہ شارٹس کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اطلاعات ہیں کہ سینئر بیٹسمین کو ڈراپ کر کے آصف علی یا پھر شعیب ملک کو کھلایا جائے، پارٹ ٹائم باؤلنگ کی وجہ سے شعیب ملک کو کھلانے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری طرف قومی ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر ہے کہ وہاب ریاض بھی بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے، وہاب کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔ ان کی انجری کی نوعیت سنجیدہ بتائی جا رہی ہے۔ فاسٹ باؤلر نے انگلی زخمی ہوانے کے باوجود افغانستان کیخلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بنگلہ دیش کیخلاف اگر پلینگ الیون میں شامل نہ ہوئے تو ان کی جگہ حسن علی یا محمد حسنین کو کھلایا جا سکتا ہے۔