عالمی کپ: ابتدائی میچ ہارنے کے بعد سری لنکا اور افغانستان آج آمنے سامنے

Last Updated On 04 June,2019 10:19 am

کارڈف: (دنیا نیوز) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آج کارڈف کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز ہار چکی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو پہلے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دیکر ورلڈ کپ کا جاندار آغاز کیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے افغانستان کی ٹیم کو پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے مات دیکر میگا ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ میں کم بیک کیلئے بیانات دئیے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

یاد رہے بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنا تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا اور یہ میچ برسٹل کے مقام پر کھیلا جائے گا۔