پی ایس ایل، قلندرز آج زلمی اور یونائیٹڈ، گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائیں گے

Last Updated On 05 March,2019 12:34 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) یو اے ای میں آج پی ایس ایل کے آخری دو میدان لگیں گے، لاہور قلندرز کا پشاور زلمی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہو گا۔

ابوظہبی میں آج پی ایس ایل فور کا آخری دن، چوکوں چھکوں کا دھوم دھڑکا لگے گا۔ سہ پہر ساڑھے چار بجے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔ فخر زمان، شاہین آفریدی اور حارث روف قلندرز کی شان بڑھائیں گے۔ ادھر کم بیک کرنے والے کامران اکمل اِن ایکشن ہوں گے، سٹائلش بولر وہاب ریاض اور حسن علی کی دنگ انٹری ہو گی۔ دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہو گئیں اور اہم میچ کے ٹارگٹ بھی سیٹ کر لیے۔ سترہ فروری کو قلندرز کے خلاف زلمی کی جیت سے پشاور کا مورال ہائی ہے۔

رات نو بجے ٹاپ رینک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا بڑا معرکہ ہو گا، جارح مزاج بلے باز لیوک رونکی اور آصف علی کرکٹ دیوانوں کو محظوظ کریں گے، شاداب خان کی گگلیز اور واحد ہیٹ ٹرک میکر محمد سمیع کی پیس توجہ کی مرکز ہو گی۔ ادھر پلے آف میں رسائی پانے اور پہلی پوزیشن پر دوبارہ قبضہ جمانے کیلئے گلیڈی ایٹرز پرجوش ہے، شین واٹسن، احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹیم کی اصل طاقت ہوں گے۔ کپتان سرفراز کو سہیل تنویر سمیت بولنگ اٹیک پر مان ہو گا۔

ایونٹ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ریڈ بریگیڈ کو سات وکٹ سے ہرایا تھا، اسی کارکردگی کو پھر دہرانے کے خواہشمند ہیں۔