دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا دہرا معیار بلکہ بھارتی دباؤ کا شکار سامنے آ گیا، معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھارت کے خلاف دائر پی سی بی کی درخواست خارج کر دی، پی سی بی حکام نے آئی سی سی کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے جلد لائحہ عمل تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ۔
پی سی بی نے آئی سی سی کے فیصلے کو افسوسناک قرار دے دیا، حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے میں واضح تھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنا پڑے گی، ساتھ ہی کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین معاہدہ کے مطابق بھارت کو پاکستان کے ساتھ 8 سال میں 6 سیریز کھیلنا تھیں، جن میں 14 ٹیسٹ، 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ پی سی بی نے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھارتی بورڈ کو ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی میں دائر کردہ اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے کے باعث پی سی بی کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت پر 70 ملین ڈالر جرمانہ عائد کرنے کی درخواست کی تھی تاہم آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔