ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان آئے گی، نجم سیٹھی نے خوشخبری سنا دی

Published On 11 Mar 2018 10:55 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) لاہور کے بعد شہرِ قائد کی بھی سنی گئی، نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑی خوشخبری، پی ایس ایل فائنل کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی 20 میچ کھیلنے پاکستان آئے گی، یکم سے چار اپریل تینوں مقابلے کراچی میں ہوں گے۔

دبئی میں جاری کرکٹ میلے کے دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک اور بڑا اعلان کر دیا، انہوں نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے بعد پاکستان کرکٹ کو ایک اور بڑا انعام ملے گا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، یہ تینوں ٹی ٹونٹی میچ کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شیڈول تینوں ٹی ٹونٹی میچ یکم سے چار اپریل تک کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ویران پاکستانی میدان زندہ دلان کے شہر لاہور سے آباد ہونا شروع ہوئے تھے۔ زمبابوے، کینیا، پی ایس ایل، ورلڈ الیون اور سری لنکا کی ٹیمیں آئیں، اب کرکٹ کا یہی انٹرنیشنل میلہ کراچی میں سجنے جا رہا ہے۔