کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی ورزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ معاشی ترقی امن و امان کی صورتحال اور سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کراچی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ صرف 32 ارب ڈالر ہے جو بہت کم ہے، پاکستان ساؤتھ ایشیا ممالک کے مقابلے میں 90 کی دہائی میں اول نمبر پر تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ انڈیا اور بنگلہ دیش نے پاکستان کو اوور ٹیک کرکے چوتھے نمبر پر لاکر کھڑا کردیا ہے، پاکستانی معیشت کے ایکو سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے دہشتگردی کے نام پر جنگ لڑ کر اقتصادی صورتحال کو کمزور کردیا، کراچی میں بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا راج تھا، 2013ء میں درجنوں لوگ شہید ہوتے تھے ، عالمی سطح پر پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیدیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں تین سال کے عرصے میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، نواز شریف کو جھوٹے کیس میں پھنسا کر پاکستان کو بحران میں دھکیل دیا، پاکستان کے چند ججز اور جرنیل ناتجربہ کار حکومت کو لانے کا حصہ بنے تھے۔
احسن اقبال نے مزید کہاکہ ماضی کی ناتجربہ کار حکومت نے سی پیک کو بند کرکے عالمی سرمایہ کاری کے دروازے بند کردیئے، چین نے دنیا کو بتادیا پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔