کراچی: (حمزہ گیلانی) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
چیئرمین آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ڈی ریگولیٹ فارمولے کو مسترد کرتے ہیں، ڈی ریگولیٹ فارمولا عائد ہونے سے پٹرولیم سمگلنگ اور ملاوٹ کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے پٹرول پمپ اپنی قیمت کا تعین خود کرے گا، سینٹرل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے، آج ملک بھر میں احتجاجی بینرز آویزاں ہوجائیں گے، وزارت پٹرولیم کو ہنگامی خط میں ڈی ریگولیٹ فارمولے کی مخالفت اور مارجن بڑھانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 4 فیصد اضافے سے 13 روپے کیا جائے، اوگرا نے ڈی ریگولیٹ فارمولے پر پٹرولیم ڈیلرز کی حمایت کی مگر وزارت کے سامنے بولنے کی ہمت نہیں۔
عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ایران سے پٹرولیم سمگلنگ پھر بڑھنا شروع ہوگئی، سمگلنگ ختم کرنے کیلئے وفاق ایران سے لیگل ایگریمنٹ کرے، مصدق ملک نے پٹرولیم ڈیلرز کو نظراندازکیا، دعویٰ کرتا ہوں ڈی ریگولیشن سے عوام کو سستا پٹرول نہیں ملے گا۔