اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کا تجزیاتی مشن پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم کی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں وزارتوں کے حکام سے ملاقات ہوئی اور مشن نے وزارت خزانہ، اقتصادی امور، تجارت، نجکاری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف ٹیم کی وزارتوں کے نمائندگان سے ملاقات کابینہ ڈویژن میں ہوئی جس میں مشن کی سفارشات پر گورننس اوراحتساب بہتربنانے کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی اور وفد کو ایف ایم یوکی ورکنگ اورکارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ آئی ایم ایف وفد کو مشکوک مالی ترسیلات، پورٹنگ اور تحقیقات پر بریف کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد نے دورے کے دوران آڈیٹر جنرل پاکستان سے بھی ملاقات کی، وفد نے ملاقات میں آڈیٹر جنرل آفس کے کام کے طریقہ کار سے متعلق معلومات لیں اور مشن نے آڈٹ سے متعلق پی اے سی کی ہدایات پر عملدرآمد بارے سوالات بھی اٹھائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور وکلا سے بھی ملاقات کی۔