پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ

Published On 30 December,2024 11:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سفیر متحدہ عرب امارات حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی۔

دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کیلئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

مریم نواز نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو سراہا۔

سفیر یو اے ای نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی، سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ترقیاتی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات پر مریم نوازکی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں یو اے ای کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔

سفیر یو اے ای نے کہا پاکستان اور یو اے ای علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے یکساں سوچ رکھتے ہیں، پاکستان میں مزید پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں۔