اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 2024 کی سالانہ رپورٹ چیئرمین سینیٹ کو پیش کر دی۔
رپورٹ میں تکنیکی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اصلاحاتی جائزہ پیش کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے ٹیلی کام شعبے کی ترقی کیلئے پی ٹی اے کے کردار کو تسلیم کیا۔
رپورٹ کے مطابق 24-2023 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو 956 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل ہوئی، آمدن مالی سال 23-2022 کے مقابلے میں اقتصادی چیلنجز کے باوجود 17 فیصد زائد ہے۔
موبائل فون سروسز 91 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں، فورجی سروسز 81 فیصد آبادی کو دستیاب ہیں، کل ٹیلی کام سبسکرائبرز کی تعداد ستمبر 2024 تک 19 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں 12 کروڑ چھہتر لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی، موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔
انٹرنیٹ رفتار 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی، براڈ بینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر 58.4 فیصد ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق سال 24-2023 کے دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں۔