آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کا بھی 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان

Published On 09 October,2024 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 3 برسوں کیلئے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کر دیا۔

اے ڈی بی حکام کے مطابق آئندہ سال 2025 کے دوران 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہو گی، سال 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔

حکام اے ڈی بی کے مطابق 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی، 3 برسوں کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ میں کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنانسنگ صحت، تعلیم، کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر کے منصوبوں پر خرچ ہو گی۔

ایشیائی ترقیاتی حکام کے مطابق اے ڈی بی فنانسنگ ریسورس موبلائزیشن، ایکسپورٹ پروموشن کیلئے خرچ کی جائے گی، ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن اور ایس او ایز ریفارمز کیلئے خرچ ہو گی۔

کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کیلئے نئی حکمت عملی بنا رہا ہے۔

اس موقع پر کمیٹی رکن سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا کہ کیا ایشیائی ترقیاتی بینک نے پشاور بی آر ٹی کو فنانسنگ دی تھی؟ نیب نے بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کی ہیں؟ جس پر اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ہماری تحقیقات آزادانہ انداز میں ہوتی ہیں جس کا مقامی دفتر کو علم نہیں ہوتا۔