خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں: جام کمال

Published On 08 October,2024 02:46 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور کاروبار میں ان کی شراکت داری بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیوسی سی آئی) کے وفد سے ملاقات کی، وفد کی قیادت ویمن چیمبرز کی بانی ثمینہ فاضل نے کی، ملاقات میں خواتین کو بااختیار بنانے اور برآمدات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تجارت نے تجارت میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کے لئے قابل عمل تجاویز کی ضرورت پر زور دیا اور برآمدات پر مبنی منصوبوں کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

خواتین کے چیمبر نے اپنے تحفظات پیش کئے، جن میں تجارتی وفود اور بین الاقوامی تجارتی میلوں میں خواتین کے ملکیتی کاروبار کو شامل کرنے کی درخواست، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ جیسے فیصلہ ساز بورڈز میں خواتین کی شمولیت اور سہولت کے لیے زمین مختص کرنا شامل ہے۔

جام کمال خان نے چیمبر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تفصیلی پراجیکٹس جمع کرائے جن کا مقصد برآمدات سے متعلقہ کاروباروں میں خواتین کی شرکت کو بڑھانا ہے، انہوں نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کے ذریعے تعاون کا وعدہ کیا۔