لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کر دی گئی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پنجاب میں کرایوں میں کمی کردی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب پٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے تو مریم نواز اور انکی ٹیم کرایوں میں کمی کے لیے متحرک ہو جاتی ہے، مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں کمی ہر صورت ہو، پٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے علاوہ کسی صوبے میں آج تک کرایوں میں کمی نہیں ہوئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کیے کرائے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے، تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کی سختی سے ہدایات ہیں کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، پٹرول و ڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، مریم نواز کرایوں میں کمی کی تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔