لندن: (دنیا نیوز) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 5 فیصد کمی سے 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لیبیا میں تیل کی پیداوار اور برآمد کے تنازع کے باعث معطلی کا مسئلہ حل ہونے کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمت 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کی قیمت 3.77 ڈالر یا 4.9 فیصد کمی سے 73.75 ڈالر فی بیرل ہوگئی اور دسمبر کی سطح پر آگئی ہے، اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 3.21 ڈالر یا 4.4 فیصد کمی سے 70.34 ڈالر ہوگئی ہے اور یہ قیمت دسمبر کے بعد کم ترین سطح ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لیبیا کے قانون ساز ادارے نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں مذاکرات کے بعد مرکزی بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی پر اتفاق کرلیا ہے اور ادارے کے نمائندوں کے دستخط سے بیان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لیبیا کی مرکزی بندر گاہوں سے تیل کی برآمد اور ملک بھر میں پیداوار روک دی گئی تھی کیونکہ دو سیاسی گروپس کے درمیان مرکزی بینک کے گورنر کی تعیناتی اور تیل کے سرمائے سے متعلق اختلافات تھے۔