ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری برداشت نہیں، بجلی کے پری پیڈ میٹرز کا منصوبہ زیر غور ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ جیسے فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے اسی طرح کا میٹر بھی ملنا چاہیے۔
اویس لغاری نے کہا کہ کوشش ہے کہ بجلی چوری سےہونے والا نقصان گزشتہ سال سےکم ہو، بجلی چوری قابل برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، بجلی صارفین کو سہولتیں دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں، پاور سیکٹر کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ریلیف کو عام آدمی تک پہنچایا جائے گا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں، 45 ارب کا ریلیف ہر صارف تک پہنچایا جائے گا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کیپسٹی پیمنٹ روپے کی قدر کم ہونے سے دگنی ہوگئی، ایک سال میں بجلی کی قیمتیں کافی حد تک کم ہوجائیں گی، ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں سندھ اور بلوچستان کی کمپنیز کا دورہ ہوگا۔