اسلام آباد:(دنیا نیوز ) علاقائی پارلیمانی میٹنگ برائے صنفی مساوات اور گرین اکانومی کا اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں مختلف ممالک کے ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی، کانفرنس سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید نے خطاب کیا تھا، جاپانی وزیر سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
کانفرنس کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ممالک کی مدد کیلئے قانون سازی کی سفارش کی گئی جبکہ لوگوں کو قدرتی آفات سے بچانے کیلئے حکمت عملی بنا کر بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیہ میں مزید یہ بھی کہا گیا کہ خواتین کی تعلیم تک رسائی اور صنفی مساوات کو یقینی بنایا جائے، خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ سامنا ہے، پارلیمنٹ کوئی بھی پالیسی مرتب کرنے سے قبل خواتین اور بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھے۔