کراچی :(ویب ڈیسک ) سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ہو گیا۔
آل صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کےمطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کم ہو کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے پر آ گئی ہے ، اسی طرح دس گرام سونے کے بھاؤ 857 روپے کی کمی سے 2 لاکھ ، 14 ہزار 335 روپے پر آ گئے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 15 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 400 ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 70 روپے کے اضافے کے بعد 2920 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 55 ڈالر کی کمی سے 2415 ڈالر کی سطح پر آگئی تھی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 2572 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی تھی۔