ایف بی آر کا تاجر دوست سکیم کے حوالے سے ٹریڈ یونینز کے ساتھ اہم اجلاس

Published On 17 May,2024 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کا تاجر دوست سکیم کے حوالے سے ٹریڈ یونینز کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈی نیٹر نعیم میر اور دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کا مقصد تاجر دوست سکیم کے حوالے سے کاروباری برادری کے خدشات کو دور کرنا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے تاجروں کیلئے رہنما اصولوں کی ضرورت پر زور دیا، ایف بی آر حکام نے کہا کہ تاجر برادری کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایف بی آر حکام نے کہا کہ سکیم میں تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکسیشن کے حوالے سے متفقہ تجاویز ایک ہفتہ میں پیش کی جائیں، ایف بی آر رجسٹریشن مہم میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کیلئے پُرعزم ہے۔

ایف بی آر حکام نے کہا کہ ٹریڈ یونینز تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن میں تعاون کریں، ٹریڈ یونینز کے ساتھ اجلاس ملک میں ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

حکام کے مطابق ایف بی آر ٹیکس پالیسیوں میں انصاف، شفافیت اور تجارت کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔