مخالفت میں بیانات الیکشن کا کلچر ہے، لوگ بعد میں بھول جاتے ہیں: خواجہ آصف

Published On 26 December,2023 05:28 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی مخالفت میں بیانات دینا الیکشن کا کلچر ہے جسے لوگ بعد میں بھول جاتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن میں بیانات دینا کوئی نئی بات نہیں، الیکشن کا کلچر ہوتا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دیں، لوگ الیکشن کے بعد بھول جاتے ہیں، الیکشن کے بعد سیاسی حریف تلخ بیانات بھول کر اتحادی بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو تہائی کی بات نہیں کرتا لیکن ن لیگ قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرے گی، ایسی حکومت بننی چاہیے جس پر قومی اتفاق رائے ہو، لوگوں میں ہیجانی کیفیت بڑھ گئی ہے، اس وقت مرہم رکھنے کی ضرورت ہے، معاشرے میں اس وقت سیاسی و مذہبی افراتفری بڑھ چکی ہے جس سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

سابق وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے سب مل کر بیٹھیں اور ملکی شگاف کو پر کریں، میری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔